ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کےلئے نوازشریف کردار ادا کریں: ڈاکٹر فوزیہ
کراچی ( )ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف تیسری بار وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لئے کردار ادا کریں۔ نواز شریف ڈاکٹر عافیہ کے معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی قوت تو ہے لیکن پاکستان کی عوام نہایت بے بس ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں مسلم لیگ (ن) سینٹرل زون کے زیر اہتمام پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ مسلم لیگ (ن) زون وسطی کے جنرل سیکرٹری اسلم خٹک نے اس موقع پر کہا کہ جس طرح میاں نواز شریف نے ایٹمی دھماکہ کر کے پاکستان کا نام دنیا میں روشن کیا اسی طرح ڈاکٹر عافیہ کو امریکی قید سے رہائی دلوا کر قوم کی بیٹی کو گھر لائیں گے۔ 28 مئی کو یوم تکبیر کا نام دینے والے احمد مجتبیٰ کا کہنا ہے کہ جب قوم 28 مئی کو یوم تکبیر مناتی ہے تو دل کو تسکین ملتی ہے، 28 مئی کو یوم تکبیر کے حوالے سے اپنی تجویز ماننے پر میاں نواز شریف کا شکر گزار ہوں۔ پریس کانفرنس کے بعد یوم تکبیر کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا۔