عافیہ صدیقی پاکستان کی بہادر بیٹی ہیں، چودھری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی سے فوزیہ صدیقی کی ملاقات
لاہور (24 فروری 2013ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین اور سینئر مرکزی رہنما و نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے امریکہ میں قید پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے حوالے سے گفتگو کی۔ اس موقع پر سینیٹر کامل علی آغا، شافع حسین، راسخ الٰہی، سالک حسین، حافظ عمار یاسر، شیخ سعید احمد، رومان احمد ملک، سیٹھ شعیب اور الطاف شکور بھی موجود تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی تمام پاکستانیوں کی بہن اور بہادر بیٹی ہے، انہوں نے جس طرح تمام مشکلات کا خندہ پیشانی سے سامنا کیا ہمیں ان پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو پاکستان منتقل کرانے کیلئے صدر آصف زرداری اور امریکی حکام سے بات کریں گے تاکہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی اپنی باقی قید پاکستان میں کاٹ سکیں اور یہاں اپنے اہل خانہ اور عزیز و اقارب سے ملاقات کر سکیں، ڈاکٹر عافیہ صدیقی پاکستانی شہری ہیں اور انہیں یہ حق حاصل ہے۔